July 14, 2020
Monitoring Desk
LAHORE
وزارت انسانی حقوق نے یورپین یونین کے حقوق پاکستان پروجیکٹ کے
تعاون سے نوجوان پیشہ ور افراد کو انسانی حقوق سے متعلق خصوصی شعور ، صلاحیتیں اور مہارت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک ینگ ایکسپرٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے. اس پروگرام کے تحت چالیس افراد پر مشتمل پہلا بیچ بارہ مہینے کے لئے ریاستی اداروں اور آزاد کمیشنز کے ساتھ کام کرے گا.
اس پروگرام کے تحت انسانی حقوق کے میدان میں تعلیم رکھنے والے باصلاحیت اور متحرک نوجوانوں کو ایک سخت اور انتہائی مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب کیا جاے گا.
ان افراد کو پاکستان کے قانونی نظام ، گھریلو اور بین الاقوامی حقوق انسانی کی ذمہ داریوں اور مختلف ریاستی اداروں کے کام کرنے کے ضوابط اور طریقے کار سے متعلق آگہی فر اہم کی جاے گی. یہ پروگرام ینگ ایکسپرٹس کو تحقیق، اعداد و شمار کے تجزیہ ، پالیسی اور قانون سازی سے متعلق اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد دے گا جبکہ موجودہ اداروں کی صلاحیتوں کے فرق کو پورا کرے گا۔ اس پروگرام کا افتتاح نوجوان پیشہ ور افراد کے پہلے بیچ کے لئے منعقدہ ایک آن لائن اورینٹیشن سیشن کے ذریعے کیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کے ان کی وزارت نوجوانوں کو ملک کے مستقبل کے قائدین کی حیثیت سے تعلیم اور تربیت دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔ شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا کے پاکستان دنیا میں نوجوان آبادی کے لحاظ سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اس لئے ہمیں اپنے نوجوانوں کو ایک اثاثہ سمجھنا چاہئے ور حقیقی تبدیلی لانے کے لئے نوجوانوں کے لئے ضروری علم ، مہارت اور تجربہ حاصل کرنے کے لئے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزارت انسانی حقوق کی سیکرٹری رابعہ جاوید آغا کا کہنا تھا یہ پروگرام پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا، بہترین اور جدید قدم ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے منظر نامے کو تبدیل کرنے کے لئے نوجوانوں میں جذبہ ، عزم اور صلاحیت موجود ہے. نوجوان گریجویٹس اور پیشہ ور افراد کو انسانی حقوق کے اداروں کے ساتھ تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرکے ، ہم تربیت یافتہ اور حساس پیشہ ور افراد اور آئندہ رہنماؤں کی ایک ایسی کھیپ تیار کر رہے ہیں جو پاکستان میں انسانی حقوق کی اصلاح کے عمل کو مثبت انداز سے تشکیل دے سکتے ہیں.
یورپی یونین کے انچارج ڈی افیئرز این مارچل کا کہنا تھا کے یہ منصوبہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 2019 میں کیۓ’گئے اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کے معاھدے کا حصہ ہے. ان کے مطابق یہ شراکت داری تمام امور سے وابستہ ہے ، جس میں سیاسی ، سلامتی ، تجارت اور تعاون کے وسیع معاملات کے ساتھ ساتھ توانائی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ینگ ایکسپرٹس کی تعیناتی کے لئے اب تک جن انسانی حقوق کے اداروں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں انسانی حقوق کی وزارت ، صوبائی اور گلگت بلتستان کے انسانی حقوق کے محکمے ، انسانی حقوق کی وزارت کے ریجنل ڈائریکٹوریٹ ، نیشنل کمیشن آن ہیومن رائٹس ، نیشنل کمیشن آن سٹیٹس اف وومن اور قومی کمیشن برائے حقوق شامل ہیں